کراچی(نمائندہ مقامی حکومت)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو مستحکم کرنے کا بڑا فیصلہ کرلیا ہے،کراچی سمیت سندھ بھر کی ٹاؤن کونسل میں موجود فنڈز کے شارٹ فال کو ختم کرینگے،بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں کو ہر صورت تحفظ دیا جائے گا، سندھ بھر میں نئی ترقیاتی اسکیموں کے بجائے پہلے سے جاری طویل مدتی منصوبوں پر فنڈز جاری کرکے انہیں کم وقت میں مکمل کیا جائے گا،یوسیز کو ملنے والے ماہانہ فنڈز میں بھی سو فی صد اضافہ کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سینئر صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا وزیر بلدیات ہاؤسنگ وٹاؤن پلاننگ نے کہا کہ شہری یونین کمیٹیوں کا ماہانہ فنڈ 5 لاکھ سے بڑھا کر10 سے لاکھ روپے سے بھی زیادہ اور دیہی یو نین کونسلز کی رقم دس لاکھ کر دی جائے گی سندھ بھر میں نئی ترقیاتی اسکیمیں لانے کے بجائے پہلے سے جاری ترقیاتی اسکیموں کو جلدمکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تا کہ عوام کو جلد از جلد ریلیف مل سکے،انہوں نے کہا کہ جو اسکیم 4سال میں مکمل ہونی تھی اسے 2سال میں اور جو 2سال میں مکمل کی جانی تھی اسے ایک سال میں مکمل کرینگے، سعید غنی نے کہا کہ ترقیاتی اسکیم جتنی زیادہ طویل مدتی ہوگی اس میں مہنگائی کے حساب سے لاگت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے ،انہوں نے بتایاکہ آئندہ مالی سال میں محکمہ بلدیات کے تحت سندھ بھر میں جاری ترقیاتی اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے تقریبا80 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا جائے گا،ملیرایکسپریس وے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبے پر برق رفتاری سے کام جاری ہے اور اس منصوبے پرعالمی معیار کے مطابق کام کیا جارہا ہے۔