چشتیاں کےایک لاکھ 66ہزار762ایکڑ رقبہ میں کپاس کی فصل کاشت کی گئی ہے:اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت

کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ طوفانی بارش کے نتیجہ میں فصل میں سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں

چشتیاں (نمائندہ مقامی حکومت) اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع چشتیاں چوہدری محمد عاصم نے کہا ہے کہ چشتیاں تحصیل کے ایک لاکھ 66ہزار762ایکڑ رقبہ میں کپاس کی فصل کاشت کی گئی ہے جو کہ خدا کے فضل سے بہت اچھی ہے کپاس کی کاشت کے علاقوں میں 70ملی میٹر بارش ریکارڈ کی ہے تاہم مزید طوفانی بارش کے نتیجہ میں کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فصل میں سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنے دفتر میں میڈیا کو بتایا کہ گذشتہ سال کی نسبت 4لاکھ سے زائد رقبہ میں کپاس کاشت کی ہے اور زراعت آفیسر چشتیاں مرکز اظہر سجاد،زراعت آفیسر شہرفرید مرکز محمد اکمل اپنے 24فیلڈاسسٹنٹ زراعت کے ہمراہ چشتیاں کی تمام یونین کونسلوں میں کپاس کی فصل کی نگہداشت اور اس کے نقصان دہ کیڑوں کے خاتمہ کیلئے کسانوں کو زرعی ادویات کے استعمال کے سلسلہ میں روزانہ کی بنیاد پر مفید مشورے دے رہے ہیں۔انہوں نے کسانوں کو ہدایت کی کہ وہ مستند کمپنی کی زرعی ادویات کے خریداری کے موقع پر ڈیلر کی پکی رسید حاصل کریں تاکہ نقصان کی صورت میں ڈیلر اور کمپنی کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ ہٹھاڑ کے علاقہ میں زمینی پانی میٹھا ہونے کی بناپر 20ہزار ایکڑ رقبہ میں رائس،13ہزار ایکڑرقبہ میں کماد،782ایکڑرقبہ میں مکئی کی فصل کاشت کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں