سی ڈی ڈبلیوپی: کھاریاں تاراولپنڈی موٹروے سمیت ایک کھرب ساڑھے21ارب کے4ترقیاتی منصوبے منظور,گجرات,جہلم سے راولپنڈی تک 117کلومیٹر طویل چار رویہ موٹروے تعمیر کی جائے گی۔


اسلام آباد(نمائندہ مقامیحکومت) سی ڈی ڈبلیو پی نے 121ارب 50کروڑ روپے کے چار ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی، ان میں سے 108ارب 41کروڑر وپے مالیت کا میگامنصوبہ کھاریاں تا راولپنڈی موٹروے کو حتمی منظوری کیلئے ایکنک میں بھیج دیاگیا ، اس منصوبے کے تحت ضلع گجرات ، جہلم اور راولپنڈی تک 117کلومیٹر طویل چار رویہ موٹروے تعمیر کی جائے گی ،یہ سٹرک این ایچ اے تعمیر کرے گی ، یہ موٹروے لاہور سیالکوٹ اور سیالکوٹ تا کھاریاں زیر تعمیر موٹروے کی توسیع ہے، یہ سٹرک جی ٹی روڈ کےمتوازی تعمیر ہوگی ، اور جہلم ، منگلا، دینہ ، سوہاوہ ، گوجر خان ، مندرہ سے ہوتی ہوئی روات ٹی چوک تک جائے گی ،علاوہ ازیں سی ڈی ڈبلیو پی نےگورننس سے متعلق دو ارب 57کروڑ25لاکھ روپے مالیت کے خیبرپختونخواڈویلپمنٹ پروگرام کی منظوری دی، یہ پروگرام آئی ڈی اے کے تعاون سے مکمل کیاجائے گا،اعلی تعلیم سےمتعلق ایک ارب 89کروڑروپے مالیت کے یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میر پور کی اپ گریڈیشن کےمنصوبے کی منظوری دی ، سیاحت سے متعلق پنجاب ٹوورازم فار اکنامک گروتھ پروجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی جس پر 8ارب 52کروڑ50لاکھ روپے لاگت آئے گی ، اس منصوبے کے تحت مختلف سیاحتی اور ثقافتی مقامات کو مرکزی شاہراہوں سےمنسلک کیا جائے گا اور ان کو سیاحوں کیلئے پرکشش اور قابل رسائی بنایا جائیگا،ان میں گورداوارہ ننکانہ صاحب ، گورداوارہ روڑی صاحب، گورداورہ سوچاسودا، کٹاس راج مندر ، لاہورمیوزیم ، مانکیالہ سٹوپا ، ٹیکسلا میوزیم ، بی بی جاونڈی ، دربار خواجہ غلام فرید ، قلعہ کونہ قاسم باغ، قلعہ روہتاس، بادشاہی مسجد اور ٹیکسلا بدھ مت کے مقامات شامل ہیں ۔

متعلقہ خبریں