خیبر پختونخوا،بلوچستان حکومتیں فوری بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں، الیکشن کمیشن کا حکم
الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق خیبر پختونخوا اور بلوچستان حکومتوں کا موقف مسترد کر دیا ، چیف الیکشن کمشنر نے دونوں صوبوں کو بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام انتظامات فوری طور پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔حکم عدولی کی صورت میں الیکشن کمیشن باقاعدہ کارروائی شروع کرے گا، چیف الیکشنر کمشنر نے کہا کہ مخصوص مدت میں انتخابات نہ کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے، صوبے معاملے کو سنجیدگی سے لیں۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دیتےہوئےکہاکہ الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں حلقہ بندی کمیٹیوں اور حلقہ بندی اتھاٹیز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔تاہم صوبائی حکومت کی طرف سے لوکل کونسلز کی تعداد اور نام نہ دینے کی وجہ سے الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا کام شروع نہیں کر سکا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ قوانین میں درکار ترامیم بھی عمل میں نہیں لائی گئیں جو الیکشن کے انعقاد کیلئے نہایت ضروری ہیں۔مشیر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ قوانین میں کچھ ترامیم کی ضرورت کے علاوہ پسماندہ صوبہ ہونے کی وجہ سے حلقہ بندی کیلئے نقشہ جات و دیگر دستاویزات بغرض حلقہ بندی جو الیکشن کمیشن کو مطلوب ہیں ان کی تیاری میں وقت لگے گا لہذا صوبائی حکومت کو دوسے تین ماہ کا وقت دیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ آئین کے تحت الیکشن کمیشن نے120 دن کے اندرانتخابات کروانے تھے۔