خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ آنا شروع ہوگیا ہے، جس کے مطابق تحریک انصاف کو 29 تحصیلوں میں برتری حاصل ہے۔
پشاور(نمائندہ مقامی حکومت)غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق جے یو آئی ایک تحصیل میں کامیاب ہوگئی جبکہ اسے 10 میں برتری حاصل ہے۔خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں سوات ایبٹ آباد، شمالی و جنوبی وزیرستان، مالاکنڈ، شانگلہ، چترال، کرم، دیر، مانسہرہ، بٹ گرام اور طورغر سمیت صوبے کے 18 اضلاع میں پولنگ ہوئی۔ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔بلدیاتی انتخابات میں مرد ووٹرز کی لمبی قطاروں کے ساتھ ساتھ خواتین ووٹرز بھی بڑی تعداد میں حق رائے دہی کے لئے پولنگ اسٹیشنوں میں پہنچی۔کہیں بزرگ افراد کو سہارا دے کر لایا گیا، تو کہیں معذور ووٹرز کی مدد کی گئی۔ بٹگرام میں خاتون پولنگ افسر اپنے چار ماہ کے بچے کے ساتھ ڈیوٹی پر موجود رہی۔بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر ہنگامہ آرائی بھی ہوئی۔ پولنگ کے دوران ایبٹ آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق 5 افراد زخمی ہوگئے، اپر کوہستان اور لوئردیر میں بھی سیاسی کارکنان آپس میں لڑ پڑے شانگلہ میں کارحادثہ میں جنرل کونسلر کے امیدوار سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے اس نشست پر الیکشن ملتوی کردیے گئے۔ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں ووٹرکی جیپ کھائی میں گرنے سے 12 افراد زخمی ہوگئے، سوات میں بھی جنرل کونسلر کی نشست پر دو آزاد امیدواروں کےدرمیان جھگڑے میں 8 افراد زخمی ہوگئے