بچے کو ماں کی تحویل میں دینے سے متعلق گارڈین اور وارڈز ترمیمی بل سینیٹ میں منظور کرلیا، بل سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے پیش کیا۔
اسلام آباد(نمائندہ مقامی حکومت) سینیٹ اجلاس میں بل پر بحث کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر علی محمد خان نے کہا کہ اس بل پر اسلامی نظریاتی کونسل نے تجاویز دی ہیں، انہیں مد نظر رکھا جائے، یہ بل بہت اچھا ہے، مختلف فرقوں کی اس حوالے سے الگ رائے ہے، اسلامی نظریاتی کونسل میں تمام فقہ موجود ہیں۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ یہ قانون انگریز نے بنایا تھا، ترمیم کے تحت ماں کو بچے کی کسٹڈی کا حق دے رہے ہیں۔سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اسلام میں کہیں نہیں لکھا کہ ماں کی کسٹڈی کب تک ہوگی، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ فیصلے کے مطابق بچہ 7 اور بچی 16 سال تک ماں کے پاس رہے گی۔فاروق نائیک نے کہا کہ ماں کی کسٹڈی ختم کرنے کے حوالے سے قانون خاموش ہے، اس ترمیم کے تحت ماں کو بچوں کی کسٹڈی کا حق مل جائے گا،ورنہ یہ عدالت کی صوابدید پر ہی رہے گا، ترمیمی بل میں عورتوں کو تحفظ دیا جارہا ہے۔