کراچی (نمائندہ مقامی حکومت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر سندھ میں بلدیاتی نظام اور بلدیاتی قوانین میں اصلاحات کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس اج وزیر بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محکمۂ بلدیات کے دفتر میں منعقد ہوا اجلاس میں وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، بیرسٹر ارسلان شیخ، سیکریٹری بلدیات سندھ نجم شاہ، ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سلیم رضا کھوڑو، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سربراہ زبیر چنہ اور محکمۂ بلدیات سندھ کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سندھ کی لوکل کونسلز کے حوالے سے امور زیر غور آئے۔اس موقع پر وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ہدایات دیں کہ بلدیاتی نظام اور بلدیاتی قوانین میں اصلاحات کے لئے ایک اچھا اور متوازن ایکٹ نہایت ضروری ہے تاکہ صوبے کے تمام شہروں اور علاقوں میں بلدیاتی امور کو منظم طریقے سے اس طرح انجام دیا جانا ممکن ہو جس سے عام شہری کو سہولت اور آسانی میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہی پارٹی قیادت اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات بھی ہیں کہ صوبے میں رہنے والوں کو بلدیاتی نظام کے حوالے سے بہترین خدمات فراہم کی جاسکیں۔
اجلاس میں پاکستان کے صوبوں میں موجود بلدیاتی نظام اور بلدیاتی قوانین کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی اور سندھ لوکل گورنمنٹ قوانین کے بارے میں بھی مفصل رپورٹ پیش کی گئی.
متعلقہ خبریں