لاہور(نمائندہ مقامی حکومت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی حکومت کو پنجاب کی تاریخ کا سب سےبڑا ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔اور560 روپےکےسالانہ ترقیاتی پروگرام کےتحت صوبےمیں منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے.انہوں نے خصوصی اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب میں پی ایس ڈی پی اوراے ڈی پی کا مجموعی حجم ریکارڈ740ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔گزشتہ سال کے ترقیاتی بجٹ کی نسبت رواں سال کے ترقیاتی بجٹ میں 66فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ سالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 98 فیصد سکیمیں منظور کی جا چکی ہیں۔ترقیاتی منصوبوں پر عملدر آمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے اے ڈی پی کی سکیموں کی ہرسطح پرفول پروف مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اب اپنے ذرائع سے رواں مالی سال 400ارب روپے ریونیو وصول کرے گا۔ تین ماہ میں 51ارب روپے یعنی ٹارگٹ سے 41فیصد زیادہ محاصل حاصل کر چکے ہیں.گزشتہ برس ریونیو ٹارگٹ سے 18فیصدزائد یعنی 354ارب روپے وصولیاں کی گئی.رواں سال کا صوبائی ریونیو ٹارگٹ گزشتہ سال کی نسبت 28فیصد زیادہ مقرر کیاگیاہے۔ مختلف سیکٹرز کو 50ارب سے زائد ٹیکس رعائتیں دے رہے ہیں.10سال میں پہلی مرتبہ96فیصدترقیاتی فنڈز کےاستعمال کا ریکارڈ قائم کیا۔پنشن سسٹم،ہیومن ریسورس مینجمنٹ اور پراپرٹی ٹیکس میں دوررس اصلاحات لارہے ہیں۔محکموں کو منصوبوں کے پی سی ون قواعد و ضوابط کے مطابق جلد مکمل کرکے بھجوانے کی ہدایت کردی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی.اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری خزانہ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔