لاہور(نمائندہ مقامی حکومت) گیس، کوئلہ ، آئل کی قلت سے متعدد پاور پلانٹس بند ہونے پربدھ کے روز لاہور سمیت ملک بھر میں 3سے 10گھنٹے تک بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی۔شدید گرمی سے بے حال شہری گھنٹوں بجلی بند رہنےسےشدید مشکلات کا شکار، معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے۔لیسکو سسٹم میں ایک ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال ہو نے پر غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اچانک اضافے، سسٹم کنٹرول کرنے میں ناکامی پر گزشتہ روز لاہور میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا، شہرکے کئی علاقے گھنٹوں بجلی بند رہنے کے باعث تاریکی میں ڈوب گئے۔شہری فیڈرز پر3سے 5جبکہ دیہی فیڈرز پر10 گھنٹے تک بجلی بند ش کا سامنا ہے، گرمی بڑھنے سے لوڈشیڈنگ دورانیہ میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق نیشنل پاور کنٹرول سنٹر اور لیسکو کے پاور کنٹرول سنٹر نے گزشتہ روز لوڈشیڈنگ شروع کی جس کے بعد لیسکو کے متعدد گرڈ سٹیشنز سے بجلی کی سپلائی بند ہوتی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کا بدترین بحران پیدا ہوگیا ہے جس کے بعدوزارت بجلی کی ہدایت پر بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے کوٹہ میں کمی کردی گئی ہے،ملک میں بجلی کی پیداوارکم ہو کر 14500میگا واٹ ہو گئی ہے، جس کے بعد غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کی گئی ہے، مختلف بجلی گھروں میں بجلی کی پیداوار اس طرح بتائی گئی ہے، اینگرو تھر کول 602 میگا واٹ، پورٹ قاسم 310، کے ٹو نیوکلیئر پلانٹ 1040، کے 3 نیوکلیئر 1000، چشمہ نیوکلیئر 305، ساہیوال کول 610، لبرٹی پاور 210، گدو 7474، کیپکو 120، گدو یونٹ 8 میں پیداوار 120میگا واٹ ہو گئی ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار بتائی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو سسٹم میں بجلی کی طلب 4100میگا واٹ ،کوٹہ 3100میگا واٹ اور بجلی کا شارٹ فال ایک ہزار میگا واٹ ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی گھروں کو تیل کی ادائیگیاں متاثر ہو نے پر بجلی گھروں نے بجلی کی پیداوار کم کی ہے جس سے ساڑھے4 ہزار میگا واٹ کا شارٹ فال پیدا ہوا ہے، بجلی گھروں میں استعداد سے کم بجلی پیداوار ہورہی ہے۔ غیر یقینی ملکی سیاسی صورتحال کی وجہ سے بجلی گھروں سے سپلائی کم ہوئی ہے۔