خیبر پختونخواہ بلدیاتی انتخابات دوسرا مر حلہ،18 اضلاع میں 1318 کونسلرز بلا مقابلہ منتخب

پشاور(نمائندہ مقامی حکومت) خیبرپختونخوا کے بلدیات انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اضلاع سے مجموعی طور پر 1 ہزار 318 کونسلرز بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کے مطابق 31 مارچ کو ہونیوالے دوسرے مرحلے کے انتخابات 18 اضلاع میں 65 تحصیل کونسلز میں ہو رہے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 80 لاکھ 57 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں کیلئے 651 امیدوار، ویلج و نیبر ہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوںکیلئے 12 ہزار 980، خواتین کی نشستوں کیلئے 2 ہزار 668، مزدور و کسان کی نشستوں کیلئے6 ہزار451، نوجوانوں کی نشستوں کیلئے 5 ہزار 213 اور اقلیتی نشستوں کیلئے 57 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ اسی طرح اب تک ویلج و نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 351، خواتین کی نشستوں پر 533، مزدور و کسان کی نشستوں پر 151، نوجوانوں کی نشستوں پر 233 اور اقلیتی نشستوں پر 50 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

متعلقہ خبریں