لاہور(نمائندہ مقامی حکومت)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا کہ بخار کی دوا کی میڈیکل اسٹورز پر دستیابی یقینی بنائی جائے اور محکمہ صحت بخار کی دوا کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ داوا ساز کمپنیوں سے رابطہ کر کے بخار کی دوا کی پیداوار بڑھائی جائے۔واضح رہے کہ لاہور میں کورونا وائرس کے زور پکڑنے کے ساتھ ہی بخار والی گولی دوبارہ نایاب ہوگئی۔لوگ میڈیکل اسٹورز سے مایوس لوٹنے لگے، جن دکانوں پر گولی موجود ہے وہاں بلیک میں فروخت کی جارہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گھر میں لوگ بیمار پڑے ہیں اوپر سے دوا نہیں مل رہی، حکومت نوٹس لے میڈیکل اسٹور مالکان کا کہنا ہے کہ کوویڈ کی نئی لہر سے میڈیسن کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، کبھی سپلائی آجاتی ہے اور کبھی نہیں آتی۔ڈرگ کنٹرول ونگ کے مطابق صوبے میں بخار کی 69 ملین گولیوں کا اسٹاک موجود ہے، لاہور ڈویژن میں 16 ملین سے زائد گولیاں موجود ہیں۔