لاہور(نمائندہ مقامی حکومت)پنجاب کے محکموں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت لاہور میں ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز نے اے سی ایس سیکرٹریٹ ملتان سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔ کانفرنس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر50 فیصد فنڈز خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر51فیصد اور نئے پراجیکٹس پر 47 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں”ماہ صفائی” مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس سے انسداد ڈینگی کی کاروائیوں کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ
ویکسین شدہ افراد پر اومی کرون وائرس کی شدت کے کم اثرات دیکھنے میں آئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے2 کروڑ43لاکھ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ 1کروڑ41لاکھ افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوز جبکہ 1کروڑ79 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کو پی ایم پورٹل پر آنیوالی شکایات کو مانیٹر کرنے اور انکے بروقت ازالہ کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے علاوہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں اوپن ڈور پالیسی پر عمل کیا جارہا یے اور تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کو اپنے دفاتر میں عوام کی شکایات سننے کے لئے ایک گھنٹہ وقف کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیکرٹریز کو پنشن کیسسز اور انکوائریز کو بروقت نمٹانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔کانفرنس میں سیکرٹری ایجوکیشن احتشام انور،سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل ،سیکرٹری پی اینڈ شعیب سید، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نادر چٹھہ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ تنویر اقبال تبسم، سیکرٹری سروسز نوشین ملک، مختلف محکموں کے ایڈیشنل سیکرٹریز،ڈپٹی سیکرٹری داخلہ عبدالطیف خان اور ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈنیشن ڈاکٹر محمد ابوبکر نے شرکت کی۔