ضلع اوکاڑہ میں درجہ چہارم کی ملازمتیں تک فروخت ہو رہی ہیں:جگنو محسن ایم پی اے

اوکاڑہ (نمائندہ مقامی حکومت)آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن پی ٹی آئی حکومت کیخلاف پھٹ پڑیں،کارنر میٹنگ سیکڑوں لوگوں کی شرکت کی وجہ سے عوامی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ اپنے حلقہ پی پی184کے میونسپل سٹی حجرہ شاہ مقیم المحسن ڈیرہ پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کرپشن مخالفت منتر سارا دن پڑھتے ہیں لیکن ضلع اوکاڑہ میں درجہ چہارم کی ملازمتیں تک فروخت ہو رہی ہیں،ایک ایک کروڑ روپے دے کر افسران ”کمائی“ والی پوسٹیں حاصل کر رہے ہیں،اس وقت پورے پنجاب اور بالخصوص ضلع اوکاڑہ کے سرکاری محکموں میں کرپشن کا راج ہے،جب کوئی آفیسر ایک کروڑ روپے دے کر لگے گا تو پھر وہ اسے پورا تو رشوت کے ذریعے عوام کی جیب سے ہی کرے گا،اوکاڑہ ضلع کا کوئی پرسان حال نہیں ،یہاں پر درجہ چہارم کی ملازمتوں کی ”لوٹ سیل“ لگ چکی ہے،ملازمتوں کیلئے قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں،ضلع اوکاڑہ میں سی ای او ہیلتھ اور سی ای او ایجوکیشن کو تبدیل کیا گیا ،دونوں افسران عدالت سے حکم امتناعی لے آئے،دونوں سٹی آرڈر پر بیٹھے ہیں،انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی حجرہ کے بل پاس نہیں کئے جا رہے ہیں،ان کیلئے ”کمیشن“ اور کک بیک مانگا جا رہا ہے، اس ساری صورتحال کے براہ راست ذمہ دار وزیر اعلیٰ پنجاب بزدار ہیں۔

متعلقہ خبریں