پنجاب میں بلدیاتی ادارے بحال، نوٹیفکیشن جاری
پنجاب میں تحلیل کیے گئے بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا۔یونین کونسل سے میٹروپولیٹن کارپوریشن تک کے تمام اداروں کے سربراہان سمیت اپوزیشن لیڈرز کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔پنجاب میں بالآخر بلدیاتی اداروں کی سنی گئی، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں محکمہ بلدیات نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق یونین کونسل سے میٹروپولیٹن کارپوریشن تک کے تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان اور اپوزیشن لیڈر بھی بحال کر دیے گئے ہیں۔انہیں بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق ضلعی اور تحصیل سطح پر قائم ٹرانزیشن کمیٹیوں میں بطور ممبر تعینات کر دیا گیا ہے۔محکمہ بلدیات پنجاب نے ان کمیٹیوں کو 12 اگست تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔محکمہ بلدیات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان رپورٹس کو منظوری کے لیے پنجاب کابینہ کو بھیجا جائے گا۔کابینہ کی حتمی منظوری کے بعد ہی بلدیاتی اداروں کی مکمل بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔محکمہ بلدیات کے ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی مدت 31 دسمبر 2021 کو ختم ہورہی ہے۔