الیکشن کمیشن: بلدیاتی انتخابات، سندھ کے تحفظات سماعت کے لیے مقرر
بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق سندھ کے تحفظات پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اس کیس کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سندھ حکومت کا بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق موقف کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کے لیے کیس کی ریگولر سماعت ہوگی۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق پہلی سماعت 7 ستمبر کو ہوگی۔ سماعت کے لیے چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو بھی سماعت کے لیے نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔اسی طرح اس کیس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان سے بھی معاونت طلب کی جائے گی۔ای سی پی کے مطابق سندھ حکومت نے مردم شماری کے حتمی اعداد و شمار پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، سندھ حکومت کا موقف ہے کہ مردم شماری کے حتمی اعداد و شمار درست نہیں ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ حکومت کا موقف ہے کہ اس نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہوئی ہے، سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ای سی پی کا کہنا ہے کہ الیکشن کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت صوبائی حکو مت کی ذمہ داری ہے۔