بولٹن: کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے’’فلیکسی ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ کا قیام
بولٹن (نمائندہ خصوصی) برطانیہ کے شہر بولٹن میں کمیونٹی کی خدمت کیلئے ویلفیئر ٹرسٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بولٹن میں ہم خیال سماجی کارکنان کا ایک اجتماع ہوا جس میں کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور دیگر مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک ویلفیئر ٹرسٹ کے قیام کی قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ’’ فلیکسی ویلفئیر ٹرسٹ‘‘ کے نام سے ایک ٹرسٹ قائم کیا گیا ۔اجلاس میں کثرت رائے سے محمد حفیظ کو ٹرسٹ کا صدر‘ شہزاد احمد ساہی کو نائب صدر‘ ممتاز قانون دان راشد منہاس کو جنرل سیکریٹری‘ پروفیسر ظفر محسن کو جائنٹ سیکریٹری اور میاں توصیف احمد کو خزانچی منتخب کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے ’’فلیکسی ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ کے نامزد کردہ عہدیداران کے انتخاب کو سراہااور امید ظاہر کی کہ وہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے پوری محنت‘لگن اور جانفشانی سے کام کرتے ہوئے پاکستان کا نام برطانیہ میں بھی روشن کریں گے۔