بل گیٹس اوران کی اہلیہ میں 27سال بعد علیحدگی ہوگئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )دنیا کی تیسری امیر ترین شخصیت اور مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ نے شادی کے 27 سال بعد علیحدگی کا اعلان کردیا ۔تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بانی اور کئی مرتبہ دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس اور ان کی اہلیہ میلنڈا گیٹس کا 27 سالہ رفاقت ختم ہو گئی ہے ،دونوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علیحدگی کا فیصلہ سناتے ہوئے لکھا کہ ہم نے طویل غور و فکر کے بعد اپنی شادی ختم کرنے کااعلان کیا ہے۔دونوں کی ملاقات 1980ء کی دہائی کے آخر میں ہوئی تھی، میلنڈا نے بل گیٹس کی کمپنی میں شمولیت اختیار کی،
ان سے ان کے تین بچے ہیں، مزید لکھا کہ ہم دونوں نے ایک ایسے ادارے کی بنیاد بھی رکھی جو دنیا بھر کے لوگوں کو بہتر اور صحت مند زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔وہ مشترکہ طور پر بل اینڈ گیٹس فاؤنڈیشن چلاتے ہیں،انہوں نے لکھا کہ ہم آئندہ بھی اس مقصد کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے، مگر ہماری رائے میں ہم دونوں اب شادی کے رشتے میں مزید بندھے نہیں رہ سکتے۔بی بی سی نے لکھا کہ اپنے ٹوئٹر پیغام کے آخر میں بل گیٹس اور میلنڈا نے درخواست کی کہ ان کے خاندان کو نئی زندگی کے لئے وقت اور پرائیوسی درکار ہے، جس کا احترام کیا جائے۔