بلدیہ عظمٰی کراچی دیکھتی رہ گئی ۔منور چورنگی انڈرپاس کا منصوبہ کے ڈی اےکے سپرد
صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نے ایک ارب لاگت کے منصوبے کی منظوری دیدی
فور کے اور پاور ہائوس چورنگی فلائی اوورز کی طرح منور چورنگی انڈرپاس کی تعمیر بھی کے ڈی اے کے سپرد کی جائیگی
پی اینڈ ڈی سے منظوری کے بعد مزکورہ منصوبے کو مالی سال 24-2023ء کے جاری منصوبوں میں شامل کیا جارہا ہے
ادارہ ترقیات کراچی منور چورنگی انڈر پاس کا منصوبہ بھی لے اڑا، بلدیہ عظمی کراچی دیکھتی رہ گئی، ایک ارب لاگت کے منصوبے کی صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سے منظوری حاصل کرلی گئی،فور کے چورنگی اور پاور ہاﺅس چورنگی فلائی اوورز کے ساتھ ساتھ منور چورنگی انڈر پاس کی تعمیر بھی کے ڈی اے کے سپرد کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی(کے ڈی اے) ایک مرتبہ پھر بلدیہ عظمی کراچی کو پیچھے چھوڑ کر ایک ارب لاگت کا ایک اور منصوبہ اپنے نام کرانے میں کامیاب ہوگیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ منور چورنگی انڈر پاس گلستان جوہر کی تعمیر کیلئے صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سے منظوری ملنے کے بعد اسے آئندہ مالی سال میں جاری منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے،واضح رہے کہ مالی سال2024-25ءکیلئے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں نئی ترقیاتی اسکیمیں لانے کے بجائے پہلے سے جاری ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں جاری منصوبوں کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کرنے کیلئے تقریبا80 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا جارہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ منور چورنگی انڈر پاس کے منصوبے کی منظوری کئی ماہ سے التواءکا شکار تھی جسے مالی سال کے اختتام سے قبل منظور کرلیا گیا ہے،گلستان جوہر میں جوہر چورنگی فلائی اوور کی تعمیر کے بعد منور چورنگی پر ٹریفک جام کی بدترین صورتحال پیدا ہوگئی تھی تاہم منور چورنگی پر انڈر پاس کی تعمیر کے بعدجوہر موڑ سے آنے والا ٹریفک جوہر چورنگی فلائی اوور اور اس کے بعد منورچورنگی انڈر پاس سے گزر کر کامران چورنگی اور موسمیات کی جانب باآسانی جاسکے گا،ذرائع کا کہنا ہے کہ منور چورنگی انڈر پاس کی پی سی ون ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے بنائی گئی تھی اور اس سلسلے میں مذکورہ اسکیم کی منظوری کے بعد اس کی تعمیر کی ذمہ داری بھی کے ڈی اے کے سپرد کی جائے گی،تاہم دوسری طرف بلدیہ عظمی کراچی شہر کے بڑے ترقیاتی منصوبوں سے مکمل طور پر محروم ہوکر رہ گیا ہے۔..