نسلہ ٹاور گرانے کا فیصلہ عدالت کا ہے، سندھ حکومت اس سے اتفاق نہیں کرتی:ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی(نمائندہ مقامی حکومت)مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ تمام اختیارات سندھ حکومت کے پاس ہیں۔انہوں نےکہا کہ عدالت نےدوسرے اداروں کی عمارتوں سے متعلق بھی فیصلہ دیا تھا، اس فیصلے پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوتا عدالت سے پوچھیں، میں کام کرنے کو ترجیح دوں گا، میں کام کرنا چاہتا ہوں، کام کرکے اس ادارے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کروں گا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ کارروائی کرنے کی کوشش کی جائے تو لوگ عدالت سےحکم امتناعی حاصل کرلیتے ہیں، جب بھی مافیاز کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں تو ڈرایا دھمکایا جاتا ہے، مجھے بھی دھمکیاں دی گئیں۔ اب آپ ہی بتائیں کہ میں ماضی میں کے ایم سی کے خلاف غلط کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کروں یا کام کروں؟ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لیاری ایکسپریس وے کے ایم سی اور کراچی پولیس کے کنٹرول میں نہیں آتا یہ ایکسپریس وے این ایچ اے کے کنٹرول میں آتا ہے، میں نے این ایچ اے سے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کی اجازت کیوں نہیں، گورنر صاحب نے بھی لیاری ایکسپریس وے کو ہیوی ٹریفک کیلئے استعمال کرانے کی کوشش کی مگر گورنر صاحب کی این ایچ اے نے بات نہیں سنی۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بتایا کہ سندھ حکومت مختلف پروجیکٹس پر کام کررہی ہے، سینڈس پٹ روڈ، ماڑی پور روڈ کو سندھ حکومت نے بنایا، ان شاء اللّٰہ ہفتے کے روز وزیراعلیٰ سندھ منوڑہ روڈ کا افتتاح کریں گے، کراچی کی مختلف صنعتوں کی تعمیر کےلئے سندھ حکومت نےپیسے دیئے ہیں

متعلقہ خبریں