مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے 7ویں مردم اور خانہ شماری کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد(نمائندہ مقامی حکومت)وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا اعلامیے میں کہا گیا کہ مشترکہ مفادات کونسل نے مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کی بھی منظوری دی۔مردم شماری کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، جی آئی ایس سسٹم استعمال کرنے کافیصلہ ہوا۔اعلامیے کے مطابق مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کریں گے۔اس میں یہ بھی کہا کہ کمیٹی میں صوبائی چیف سیکریٹریز، چیئرمین نادرا، چیف کمشنر آئی سی ٹی شامل ہوں گے وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکریٹریٹ کے قیام پر ارکان کو مبارکباد دی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مستقل سیکریٹریٹ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان باہمی تعاون ظاہر کرتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام وفاقی اکائیوں کی مشاورت سے قومی مسائل کے حل کے لیے پُرعزم ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت مردم شماری کا قابل اعتبار ڈیٹا حاصل کرنا چاہتی ہے، ڈیٹا پالیسی اور منصوبے شروع کرنے کیلئے استعمال کیا جا سکے گا۔سی سی آئی اعلامیے کے مطابق خانہ شماری مردم شماری سے پہلے کی جائے گی، مالی سال 21-2020 کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کی سالانہ رپورٹ کی بھی منظوری دی۔ اعلامیے کے مطابق مالی سال 21-2020 کے دوران مجموعی طور پر 6 اجلاس کیے گئے۔رواں اجلاس کے دوران 21 ایجنڈا آئٹمز پر غور کیا گیا، ایجنڈا آئٹمز میں سے 13 فیصلوں پر عمل درآمد ہوچکا جبکہ 6 پر فیصلہ ہونا ہے۔