عوام کوصاف شفاف ماحول کی فراہمی کے لئے تمام تر دستیاب وسائل برؤے کار لارہے ہیں: محمد یوسف چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن
کراچی (نمائندہ مقامی حکومت)نیو کراچی ٹاؤن میں برساتی نالہ سیوریج کے دباؤ سے اُورفلو،مین شاہراہ زیر آب۔چیئرمین محمد یوسف کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ یونین کمیٹی نمبر 12 سیکٹر 11-A کاہنگامی دورہ۔چیئرمین محمد یوسف کی نگرانی میں اجمیر نگری چوک تا پاور ہاؤس چورنگی برساتی نالے کا چوکنگ پوائنٹس کلیئر۔اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر 12 کے چیئرمین عظیم انور،یوسی وائس چیئرمین،وارڈ کونسلر و اراکین یونین کمیٹی،ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مُشتاق خان،ایکس ای این بی اینڈ آر اشفاق حُسین،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر و دیگر ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے برساتی نالے کے چاکنگ پوائٹ پر صفائی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج نظام کی فرسودگی کی وجہ سے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے برساتی نالوں میں سیوریج کی لائنیں ڈالی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے برساتی نالوں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے،جبکہ کچھ نا سمجھ اور غیر ذمہ دار افراد برساتی نالوں میں کچرا ڈال دیتے ہیں جس کی وجہ سے یہ نالے چوک ہوجاتے ہیں اور سیوریج کا گندہ پانی بیک مار کر سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے اورٹریفک کی روانی متاثر ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات بھی اجمیر نگری تا پاور ہاؤس چورنگی برساتی نالے میں اور فلو ہوگیا اور سیوریج کا پانی سڑک پر جمع ہوگیا تھا۔جس پر ٹاؤن انتظامیہ نے فوری کاروائی کرتے ہوئے نالے کے چاکنگ پوائنٹ کو کلیئر کرایا ہے۔الحمد اللہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوام کو صاف و شفاف ماحول کی فراہمی کے لئے تمام تر دستیاب وسائل برؤے کار لارہے ہیں۔نالے کی صفائی کے بعد نیو کراچی کا عملہ سڑکوں پر موجود پانی کو صاف کرے گا تاکہ ٹریفک کی روانی بلا تعطل جاری رہے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے کہا کہ چیئرمین محمد یوسف کی رہنمائی میں نیو کراچی ٹاؤن میں صفائی ستھرائی کے ساتھ بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنا رہے ہیں،ہم وسائل کا رونا نہیں روتے بلکہ دستیاب وسائل میں عوام کے مسائل حل کررہے ہیں اور جلدانشاء اللہ نیو کراچی ٹاؤن مسائل سے پاک خوبصورت ٹاؤن میں شمار ہوگا۔