جنوبی پنجاب کا بجٹ192 ارب روپے کردیا گیا ہے,جنوبی پنجاب کے11 اضلاع میں 2853 منصوبوں پر کام جاری: ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب

بہاول پور(نمائندہ مقامی حکومت) ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر)ر ثاقب ظفر نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ آفس بہاول پور میں ساؤتھ پنجاب کے تمام سیکرٹریز کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی کہاکہ دستیاب وسائل کا درست ڈیٹا مرتب کرکے مستقبل کے لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ ملکی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہترین انداز میں مصرف میں لایاجا سکے۔اجلاس میں جنوبی پنجاب کے سیکرٹری پلاننگ سید شعیب، سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عامر عقیق خان، سیکرٹری سروسز ایس اینڈ جی اے ڈی نوشین ملک، سیکرٹری اریگیشن عامر خٹک، سیکرٹری ہیلتھ محمد نادر سمیت دیگر سیکرٹری موجود تھے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کی کارکردگی جانچنے کے لیے اشاریے متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ ترقیاتی عوامل کی رفتار تیز تر اور مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا بروقت اور شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ اور نگران افسران فیلڈ میں متحرک و مؤثر کردار ادا کریں کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا بجٹ189ارب روپے سے بڑھا کر192 ارب روپے کردیا گیا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے11 اضلاع میں 2853 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ان میں صحت کے شعبے کے 215، تعلیم 210، شاہرات631، بلڈنگز161، زراعت 25 اور لوکل گورنمنٹ کے 429منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ آئندہ چھ ماہ میں جاری منصوبے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سوفیصد فنڈز کے اجراء کے حامل عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیحا ًمکمل کیا جائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر)ر ثاقب ظفر نے منصوبوں پر کام کی کوالٹی اور شفافیت یقینی بنانے اور تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کو ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت بارے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان نے اپنے اپنے محکمے کی کارکردگی بارے بریف دی ۔

متعلقہ خبریں