ضلع شہید بے نظیرآباد میں 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جا ئیں گے: عامر حسین پنہور ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد

نوابشاہ (رپورٹ راج کماراوڈ) ضلع شہید بینظیر آباد میں 15 نومبر سے شروع ہونے والی خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی 12- روزہ قومی مہم کے سلسلے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے سلسلے میں ایک سیمینار ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عامر حسین پنہور نے کہا کہ مہم کی باقاعدہ شروعات سے قبل خسرہ و روبیلا جیسی خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگوانے کے متعلق لوگوں میں آگہی پیدا کرنے کے سلسلے میں ضلع و تعلقہ سطح پر آگاہی مہم چلانا خوش آئند عمل ہے تا کہ عوام کا مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کر کے ضلع میں 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگوائے جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عامر حسین پنہور نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے صحت کی مفت سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے مفاد عامہ میں مفت ویکسینیشن مہم شروع کی جا رہی ہے، مہم کو عوام میں آگہی دے کر کامیاب بنانے کے لیے یونین کونسل سطح پر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ہر محلے اور گاؤں میں والدین کو ویکسین کے فوائد کے متعلق آگہی فراہم کرینگی۔ اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو ویکسین لگوا کر اپنا قومی فریضہ انجام دیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دولت جمالی نے کہا کہ خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کے دوران ضلع کے 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 6 لاکھ 89 ہزار 188 بچوں کو ویکسین کی جائے گی جبکہ اس کے علاوہ 3 لاکھ 416 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلوائے جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کی کہ ویکسینیشن مہم کے دوران تشکیل کردہ ٹیمیں تمام صحت مراکز، مختلف علاقوں میں قائم کردہ کیمپوں کے علاوہ تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں جا جا کر بچوں کی ویکسینیشن کرینگی۔ اس موقع پر ماہر امراضِ اطفال ڈاکٹر علی اکبر سیال نے خسرہ اور اس کے علاج کے متعلق آگہی دی۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی مظہر علی ویسر، ڈاکٹر اسد اللّٰہ ڈاہری، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ریاض احمد شر، ڈاکٹر غلام سرور خاصخیلی، چیف آفیسر ضلع کونسل رضا زرداری اور دیگر نے سیمینار سے خطاب کیا۔

متعلقہ خبریں