محکمہ لینڈ کا تمام ریکارڈ کمپیوائزڈ کیا جا رہا ہے جہاں شہریوں کو ان کی اراضی سے متعلق کاموں کے لئے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی :میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
کراچی ( نمائندہ مقامی حکومت)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ محکمہ لینڈ کا تمام ریکارڈ کمپیوائزڈ کیا جا رہا ہے جہاں شہریوں کو ان کی اراضی سے متعلق کاموں کے لئے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی، کراچی میں زمین کی ملکیت ،منتقلی اور لیز کے حوالے سے جملہ امور کو شفاف اور بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی کو اس حوالے سے شکایت نہ ہو، بائیومیٹرک حاضری کے نظام کی تنصیب سے افسران اور عملے کی حاضری یقینی بنے گی ،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر کی عمارت میں سیکورٹی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور 42 جدید کیمرے نصب کردیئے ہیں جس سے سرویلینس کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں محکمہ لینڈ کے نوتزئین شدہ دفتر اور کے ایم سی بلڈنگ میں مانیٹرنگ اور سرویلینس کے نئے نظام کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد ، پیپلز پارٹی ضلع سائوتھ کے جنرل سیکریٹری کرم اللہ وقاصی ، میونسپل کمشنر نعمان ارشد، ڈائریکٹر لینڈ صباح الاسلام، ڈائریکٹر سٹی وارڈن راجہ رستم اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محکمہ لینڈ کے نوتزئین شدہ دفتر کا معائنہ کیا اور یہاں تنصیب کئے گئے بائیومیٹرک حاضری کے نظام کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ محکمہ لینڈ کے ملازمین کی بائیومیٹرک نظام کے ذریعے حاضری یقینی بنانا اچھا عمل ہے اس اقدام کے نتیجے میں محکمہ لینڈ سے رجوع کرنے والے شہریوں اور سائلین کو سہولت ہوگی، محکمہ لینڈ کی طرح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر دفاتر کی بھی تزئین و آرائش کی جائے اور محکمہ لینڈ کی ریکوری کو بہتر بنایا جائے تاکہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جاسکے،انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو بلدیاتی خدمات فراہم کرنے والا مرکزی ادارہ ہے لہٰذا کے ایم سی افسران اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں، بعدازاں میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی بلڈنگ میں نصب کئے گئے نئے اور جدید سرویلینس نظام کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کے ایم سی بلڈنگ انتہائی اہم جگہ ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں شہری اپنے کاموں کے سلسلے میں آتے ہیں، صدر دفتر اور کونسل کی عمارت ہونے کے ناطے یہاں منتخب عوامی نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد کی آمدورفت بھی ہوتی ہے لہٰذا اس عمارت کو محفوظ بنانا ضروری تھا جس کے پیش نظر عمارت میں پہلے سے نصب مینول سرویلینس کیمروں کی جدید ٹیکنالوجی کے حامل 42 آئی پی کیمرے لگائے گئے ہیں ، نئے نظام کے تحت عمارت کے داخلی دروازوں ،راستوں، راہداریوں اور دیگر تمام جگہوں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی گئی ہے ، جدید کیمروں کے ذریعے رات کے اوقات میں بھی مانیٹرنگ ممکن ہوگی اور پندرہ دن کی ریکارڈنگ محفوظ کرلی جائے گی جس کے عمارت کے اندرونی حصے کی سیکورٹی یقینی ہونے کے ساتھ ساتھ بیرونی حصے میں بھی نگرانی ممکن ہوگئی ہے، انہوں نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کو ہرشعبے میں بروئے کار لایا جارہا ہے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے، شہریوں کی سہولت کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جاتے رہیں گے۔