مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3 فلسطینی نوجوان شہید
غزہ: مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے چھاپا مار کارروائی کے دوران فائرنگ کر کے 3 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔ نابلس میں سرچ آپریشن کی آڑ میں اسرائیلی فوج نے تین نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کردیا۔
نوجوانوں کی شہادت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی۔ اگر اسرائیلی فوج نوجوانوں کو بروقت اسپتال منتقل کرتے تو ان کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے یہ چھاپا کارروائی نابلس کے قریب ایک یہودی بستی کے قریب گھات لگا کر اسرائیلی فورسز پر فلسطینیوں کے مبینہ حملے کے بعد کی گئی۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ مسلح نوجوان ایک کار میں سوار تھے جنھیں روکنے کا اشارہ کیا گیا تو انھوں نے فائرنگ کردی۔اہلکاروں کی اپنے دفاع میں کی گئی جوابی فائرنگ میں تینوں نوجوان ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کی گاڑی سے تین ایم 16 رائفلیں اور دیگر ممنوعہ سامان ضبط کر لیا۔
یاد رہے کہ اس ماہ کے شروع میں پہلی بار اسرائیل نے رہائشی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران ڈرون اور میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔ رواں برس مقبوضہ فلسطین میں شہید ہونے والوں کی تعداد 200 سے زائد ہوگئی۔