وفاقی کابینہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں ترامیم کے لیے وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد(نمائندہ مقامی حکومت)وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی ٹاسک فورس وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے زیرِ انتظام تشکیل دی گئی ہے،ٹاسک فورس ماحولیاتی تبدیلیوں کے تدارک کے لیے اقدامات کرے گی۔اعلامیے کے مطابق اس اجلاس میں نیب ترامیم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ کابینہ نے نیب ترامیم کے لیے وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔اس کمیٹی میں وکالت، بینکاری اور دیگر شعبوں سے منسلک نامور شخصیات شامل کی جائیں گی کابینہ اراکین نے کہا کہ نیب کا کالا قانون سیاسی انتقام، کاروباری طبقے کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال ہوتا رہا، نیب کے کالے قانون کی وجہ سے بیوروکریسی فیصلے لینے سے ڈرتی ہے دوسری جانب وفاقی کابینہ نے سول سرونٹس (ڈائرکٹری ریٹائرمنٹ فار سروس) رولز 2020 منسوخ کرنے کی منظوری دے دی۔کابینہ نے ان رولز کے تحت سرکاری افسران کے خلاف شروع کی گئی کارروائیوں کو ختم کرنے کی بھی منظوری دی۔اعلامیے کے مطابق کابینہ نے 75ویں یوم آزادی اور اسٹیٹ بینک کے قیام کی مناسبت سے یادگاری بینک نوٹ کے ڈیزائن کی منظوری دی وزارت خزانہ نے بتایا کہ بینک نوٹ بین الاقوامی پرنٹنگ کمپنیوں کے ذریعے چھاپے جائیں، 6.64 ملین ڈالر خرچہ آئے گا۔کابینہ اراکین نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ بینک نوٹ پاکستان کے اندر ہی چھاپے جائیں گے تاکہ قوم کا قیمتی پیسہ بچایا جا سکے۔اعلامیے کے مطابق وزارت کامرس نے کابینہ کو برآمدات، درآمدات اور تجارت کےتوازن کے حوالے سے تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سال 22-2021ء کے پہلے 10 ماہ میں برآمدات کا حجم 31.2 ارب ڈالر جبکہ درآمدات کا حجم 76.7 ارب ڈالر رہا۔اراکین کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مالی سال 22-2021ء کے پہلے 10 ماہ میں برآمدات میں 4.95 ارب ڈالر جبکہ درآمدات میں 11.16 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مالی سال 21-2020ء کے جولائی تا اپریل اور مالی سال 22-2021ء کے اسی دورانیے میں برآمدات کے حجم میں 25.6 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ درآمدات میں 46.5 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔ اسی دورانیے میں ٹریڈ بیلنس میں 64.9 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اعلامیے کے مطابق کابینہ نے ایگروبیسڈ صنعت کے فروغ، فصلوں سے پیداوار بڑھانے خصوصی پالیسی ساز کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ اس کمیٹی میں وزیر تجارت، وزیر صنعت و پیداوار، وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی، ڈویژنز کے سیکرٹریز شامل ہوں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس کمیٹی کا اجلاس آج ہی بلایا جائے۔اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 16 مئی کو اجلاس کے فیصلوں کی توثیق دی