الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پنجاب کے 4 حلقوں این اے 157، پی پی 139، پی پی 241، پی پی 209 میں ضمنی الیکشن 9 اکتوبر کو ہو گا
اسلام آباد(نمائندہ مقامی حکومت)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِصدارت الیکشن کمیشن میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں الیکشن کمیشن نے این اے 157، پی پی 139، پی پی 241، پی پی 209 میں ضمنی انتخاب کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان، شیخو پورہ، خانیوال اور بہاولنگر کے ان 4 حلقوں میں ضمنی انتخاب 9 اکتوبر کو ہو گا۔دوسری جانب قومی اسمبلی کے 9 حلقوں کے ارکان ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ معطل کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عدالت نے وضاحت کی ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق صرف درخواست گزار کی حد تک ہو گا۔جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضروری وضاحت کی کاپی لیں۔اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ان 9 حلقوں کے انتخابات کی تاریخوں سے متعلق الیکشن کمیشن غور کرے گا، 9حلقوں میں ضمنی الیکشن کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا دوبارہ اجلاس 14 ستمبرکو ہو گا۔