کراچی(نمائندہ مقامی حکومت)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ منوڑہ واٹر فرنٹ بیچ ان خوبصورت تفریحی مقامات میں سے ایک ہے جوکہ سندھ حکومت نے شہر کے لوگوں کو محفوظ، صاف ستھرے اور تفریحی مقام فراہم کرنے کے لیے تیار کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سی ویو پر ایک جیٹی تیار کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ کلفٹن کے علاقے سے منوڑہ بیچ تک فیری سروس شروع کی جا سکے۔یہ بات انہوں نے کراچی میں منوڑہ کے مقام پر کراچی امپروومنٹ آف واٹر فرنٹ ڈولپمنٹ کے 650 ملین روپے کے منوڑہ بیچ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء، سید ناصر حسین شاہ، سید سردار شاہ، باری پتافی، گیانچند اسرانی، ضیاء عباس شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کی مجموعی ترقیاتی اسکیموں کا ایک حصہ ہے۔ واٹر فرنٹ ڈویلپمنٹ کی تعمیر کا مقصد کراچی کے عوام کو تفریح فراہم کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسوقت منوڑہ ساحل کا استعمال کم ہے اور یہاں بیٹھنے کی جگہ، کھانے کی جگہ، آرام کے کمرے، شیڈز، صفائی وغیرہ جیسی سہولیات کی کمی کی وجہ سے سیاحوں کی تعداد بہت کم ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد بنیادی سہولیات اور بنیادی سرگرمیوں کو ترقی دینا ہے تاکہ اس علاقے کی جانب عوام کی توجہ مرکوز مبذول کرائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور اس علاقے کی ترقی میں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروجیکٹ واٹر فرنٹ کی ترقی کی وجہ سے متاثر ہوا جس میں واٹر فرنٹ تک عوام کی رسائی کا حصول، منوڑہ پر موجود واٹر فرنٹ ایریا کے امیج کو بہتر بنانا اور یہاں پر معاشی طور پر زندگی کو بحالی کرنے کا حصول شامل ہے۔سید مراد علی شاہ کے مطابق کراچی کی سب سے بڑی توجہ کے حامل اس کی ساحلی پٹی ہے جو شہر کراچی کو ملک کے دیگر حصوں سے ممتاز کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفریحی مقامات کی کمی کی وجہ سے خاص طور پر متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے لوگ کلفٹن، سی ویو، ہاکس بے اور سینڈ پٹ کا رخ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چونکہ ساحلی مقامات ترقی یافتہ نہیں ہیں اور وہ پرانے ہوچکے ہیں، لہٰذہ عوام نئی اور جدت حامل مقام فراہم کرنے کے لیے کچھ نئی ترقیوں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے تجویز پیش کی کہ منوڑہ بیچ اس فہرست میں ایک نیا اضافہ ہو سکتا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کراچی کا پہلا ترقی یافتہ ساحل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ ڈیزائن میں محفوظ ماحول میں فیملی کی تفریح کے لیے درکار تمام ضروریات موجود ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے جہانگیر پارک تیار کیا ہے جو کہ لاوارث کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کراچی میں کئی منصوبوں کی نشاندہی کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منوڑہ کی ایک بھرپور تاریخ ہے، کہا جاتا ہے کہ سکندر اعظم کا بحری بیڑہ منوڑہ میں لنگر انداز ہوا اور پھر ٹالپور دؤر میں شہر کی حفاظت کے لیے ایک بندرگاہ تیار کی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منوڑہ کے منصوبے کی تکمیل کے بعد اسے منوڑہ کنٹونمنٹ کے حوالے کر دیا جائے گا اور امید ظاہر کی کہ یہ علاقہ عوام کے لیے کھلا رہے گا۔ انہوں نے گلبرگ میں علامہ اقبال پارک کو ترقی دینے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے 500 ملین روپے کی لاگت سے مچھلی چوک تا کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ تک سڑک کی تعمیر کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوری2021 سے ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے شہر میں 250 نئی بسیں لائی جارہی ہیں۔یہ منصوبہ اے ڈی پی سکیم کے ذریعے 650 ملین روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا۔ منوڑہ واٹر فرنٹ بیچ منصوبے میں ایک ایکڑ اراضی پر پھیلا ہوا پارکنگ ایریا ہے، اس کا فرنٹ اسٹرکچر 7.91 ایکڑ ہے جس میں 29 گیزبوس اور ایل شیپ بینچز کے ساتھ ٹیبلیں ہیں۔ اس میں 30 چھوٹے سائز کے ٹیفلون شیڈز، تین درمیانے سائز کے ٹیفلون شیڈز، میڈیم سائز، ایک ہیکساگونل شیپ لارج سائز ٹیفلون شیڈ، 76 پارک بینچز شامل ہیں۔کڈز پلے ایریا: بچوں کیلئے الگ پلے ایریا تیار کیا گیا ہے۔
متعلقہ خبریں