کراچی (نمائندہ مقامی حکومت ) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے امور سے متعلق عدالتی احکامات پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے گا، مشیر مالیات کے ایم سی کی سربراہی میں کالج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا اور کالج کے موجودہ حالات کو بہتر کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفترمیں کالج کی گورننگ باڈی کے چیئرمین کی حیثیت سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر گورننگ باڈی کے ممبران، صوبائی وزیر شہلا رضا، میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی، مشیر مالیات غلام مرتضی بھٹو، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر عبدالحمید جمانی، پروفیسر عقیل احمد شیخ، ڈاکٹر زبیدہ وسیم قاضی، پروفیسر فرید اڈایو، ڈاکٹر اکمل وحید اور دیگرممبران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی بنانے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں گے، میں خود کالج کا دورہ کرکے تمام مسائل کا جائزہ لوں گا اور کالج کے اساتذہ، طلبہ اور دیگر عملے کو درپیش مسائل حل کریں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج متوسط طبقے کے طلباء کو میڈیکل کے شعبہ میں تعلیم فراہم کررہا ہے، کالج کے طلباء اپنی تعلیم پر بھر پور توجہ دیں اور کامیاب ہو کر اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کریں، انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سے کم نہیں لہٰذا نوجوان طلبہ و طالبات کو طبی تعلیم کے حصول میں اپنی تمام تر کوششیں وقف کردینی چاہئیں، ہمارا مقصد دوسرے انسانوں کی مدد اور انسانیت کی خدمت ہونا چاہئے،کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں تعلیم و تدریس کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا، طبی تعلیم کے ساتھ تحقیق کے شعبہ پر بھی بھرپور توجہ دی جائے گی ہمیں مشترکہ کوششوں کے ذریعہ اس کالج کو ملک کی بہترین طبی تعلیم کی درس گاہ بنانا ہے جس کے لئے تمام تر اقدامات عمل میں لائے جائیں گے، انہوں نے گورننگ باڈی کے ممبران پر زور دیا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی ترقی و بہتری کے لئے تجاویز دیں اور اس حوالے سے دی گئیں ہدایات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔