نیا بلدیاتی ایکٹ آئین سے متصادم ہے فوری واپس لیا جائے۔ کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ
کراچی (نمائندہ خصوصی) سندھ میں نئے بلدیاتی قانون کے خلاف ایم کیوایم پاکستان کی کل جماعتی کانفرنس کراچی میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے وڈیو لنک پہ خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کا آئین بہترین سوچ اور مثبت حکمت عملی کے ساتھ بنایا گیا، ضرورت سے زیادہ وسائل وفاق سے صوبوں کو منتقل ہوگئے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور ن لیگ کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کراچی کے فیصلے کراچی کی مقامی حکومت کو کرنے چاہئیں، پیپلز پارٹی 18 ویں ترمیم کے بعد شہروں کو با اختیار بنانے میں ناکام رہی، ساری اتھارٹی اگر وزیر اعلیٰ کے پاس ہوگی تو کبھی انصاف نہیں ہوگا۔
ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ کو بیمار کردیا ، سندھ کے شہری علاقے آئی سی یو میں ہیں۔ اے این پی کے شاہی سید نے کہا کہ وہ اٹھارھویں ترمیم کے حامی ہیں لیکن اس کے بعد اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوئے۔