سپریم کورٹ آف پاکستان نےکراچی کے الہ دین پارک میں ملبہ ہٹا کر پارک کو بحال کرنے کی ہدایت کر دی, الہ دین پارک انتظامیہ کی درخواست پر سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو حکم جاری کردیا.
سپریم کورٹ آف پاکستان کراچی رجسٹری نے الہٰ دین پارک کیس میں پارک کی انتظامیہ کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے، جبکہ کمشنر کراچی کو ملبہ ہٹا کر پارک کو بحال کرنے کی ہدایت کر دی۔سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کیس کی سماعت کی۔کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ پویلین اینڈ کلب اور شاپنگ ایریا منہدم کر دیا گیا ہے،جس کا ملبہ ہٹانے کیلئے سندھ حکومت سے معاونت درکار ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ آپ ملبہ ہٹانے کے لیے 9 کروڑ روپے مانگ رہے ہیں؟ چیف جسٹس نے کمشنر کو ہدایت کی کہ ملبہ ہٹا کر پارک کو بحال کریں۔عدالت نے سندھ حکومت کو الٰہ دین پارک کی بحالی میں تعاون کی ہدایت کر دی۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ الہٰ دین پارک کی زمین پر کسی قسم کی غیر قانونی تعمیرات نہیں ہوں گی۔الہ دین پارک کے وکیل نے استدعا کی کہ حکم نامے میں ترمیم کی جائے، ہمیں قابض نہ کہا جائے، یہ لیبل ہم سے ہٹایا جائے۔عدالتِ عظمیٰ نے الہٰ دین پارک کی انتظامیہ کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے۔