جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا مقصد شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے:سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب نوشین ملک

ملتان(نمائندہ مقامی حکومت)ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی ہدایت پر عوامی شکایات کے ازالے کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔اس سلسلے میں سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب نوشین ملک کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام محکموں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ڈپٹی سیکرٹری کوآرنیشن ڈاکٹر محمد ابوبکر،سیکشن آفیسرز مجاہد ظفر میکن،رانا مبشر ،وجیہہ رسول اور اسداللہ شہزاد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب نوشین ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی سیکرٹریٹ کے قیام کا مقصد شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل بروقت حل کرنے کے لئے تمام محکمے متحرک کردار ادا کریں اور پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔نوشین ملک نے کہا کہ حکومت نے اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دفاتر آنیوالے سائلین کی درخواستوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے اور ان کا فالو اپ تیار کیا جائے۔انہوں نے تونسہ شریف میں قائم کیمپ آفس میں آنیوالی درخواستوں پر پیش رفت سے روزانہ کی بنیاد پر اے سی ایس ساوتھ پنجاب آفس کو فیڈ بیک دینے کی ہدایت کی ۔سیکرٹری سروسز نے کہا کہ پرنٹ،الیکٹرانٹ اور سوشل میڈیا پر آنیوالی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور مسلہ حل ہونے کی صورت میں شہری کو فون یا میسج کے ذریعے مطلع کیا جائے۔اجلاس میں شریک مختلف محکموں کے فوکل پرسن نے عوامی شکایات بارے بریفنگ دی۔

متعلقہ خبریں