جنوبی پنجاب ملتان اور بہاولپور سیکرٹریٹ کے منصوبوں پر مجموعی طور پر 7 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں:ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر

ملتان(نمائندہ مقامی حکومت) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہاولپور کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ہے اور یہ منصوبہ 400 کنال اراضی پر تعمیر کیا جارہا ہے۔۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کے زیر تعمیر منصوبے میں آئی جی کمپلیکس کے لئے جگہ کا تعین کرلیا گیا ہے جبکہ محکمہ پولیس جنوبی پنجاب آئی جی کمپلیکس کے پی سی ون کی تعمیر کی ذمہ دار ہوگی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی زیرصدارت سیکرٹریٹ کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ایری گیشن جنوبی پنجاب عامر خٹک اور سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب نوشین ملک کےعلاوہ ملتان اور بہاولپور اضلاع کی انتظامیہ،آئی ڈیپ پاکستان ریلوے اور میپکو کے سینئیر افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جنوبی سیکرٹریٹ ملتان اور بہاولپور کی بلڈنگز کو معینہ مدت میں مکمل کیاجائے اور منصوبوں میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ ملتان سیکرٹریٹ 504کنال جبکہ بہاولپور سیکرٹریٹ کا منصوبہ 400 کنال پر تعمیر کیا جارہا ہے۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ بہالپور سیکرٹریٹ کے دفاتر کی تعمیر پر 2ارب 28 کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ ملتان اور بہاولپور سیکرٹریٹ میں افسران کے لئے رہائش گاہیں بھی تعمیرکی جارہی ہیں اور بہاولپور سیکرٹریٹ میں افسران کی رہائش گاہوں کی تعمیر کے لئے الگ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان ریلوے7 یوم کے اندر بہاولپور سیکرٹریٹ کی سائٹ سے ٹیلی فون پول شفٹ کرے جبکہ میپکو ملتان سیکرٹریٹ کی تعمیر میں حائل بجلی کے پولز بارے تجاویز پیش کرے۔انہوں نے ملتان سیکرٹریٹ کے ایریا میں موجود پانی کے کھالوں کو فوری طور پر شفٹ کرنے کا بھی حکم دیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے بتایا کہ ملتان سیکرٹریٹ میں آئی جی کمپلیکس 50 کنال رقبہ پر تعمیر کیا جائے گا۔آئی ڈیپ نے اجلاس میں ملتان اور بہاولپور سیکرٹریٹ کے منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔

متعلقہ خبریں