پاکستان نے کورونا وائرس کی 10 کروڑ ویکسین کی خوراکیں لگانے کا سنگِ میل حاصل کر لیا:وفاقی وزیر اسد عمر
اسلام آباد(نمائندہ مقامی حکومت)پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کے لیے قائم کیئے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ و وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہاہے کہ الحمد للّٰہ آج ملک میں کورونا ویکسینیشن کی تعداد 10 کروڑ سے بڑھ گئی ہے، 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید بتایا ہے کہ 3 کروڑ افراد نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک ڈوز لگوائی ہے۔
سربراہ این سی او سی اسد عمر نے زور دیا ہے کہ انتہائی ضروری ہے کہ جو لوگ کورونا وائرس کی ویکسین کی ایک ڈوز لگوا چکے ہیں وہ دوسری ڈوز بھی لگوائیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز 6 لاکھ 81 ہزار 520 افراد کو ویکسین لگائی گئی، جبکہ ملک بھر میں اب تک 10 کروڑ 16 ہزار 587 ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔