سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نجم احمدشاہ کی یورپین کمپنی کے عہدداران کے ساتھ میٹنگ میں ضلع وسطی میں جلدازجلد گھر سے کچرااٹھانے کے کام کی ہدایت۔
جدید وسائل کو بروئے کارلاکر نارتھ ناظم آباد سے آپریشن کاآغازکیا جائے گا: ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیراحمد چنہ
کراچی(نمائندہ خصوصی)سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم احمد شاہ اور منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیراحمد چنہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں اسپینش کمپنی(Urbaser, SAU) کے عہدیداران،کے ساتھ اجلاس میں اسپینیش یورپین کمپنی کو جلد از جلد گھرسے کچرا اٹھانے، مشینری آپریشن، مینٹینس، اسٹاف و دیگر امور کی پلاننگ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ نے اجلاس میں کہاکہ اسپینش کمپنی مقامی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن کرکے کام کا آغاز کرے تاکہ علاقوں کی صفائی کرنے میں مدد ملے انہوں نے کہا کہ مشینری، گاڑیاں اور کام کے معیار پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے کام کاآغاز نارتھ ناظم آباد زون سے شروع کیا جائے تفصیلات کے مطابق کمپنی دسمبر سے نارتھ ناظم آباد سے کام کا آغاز کرے گی اور بالترتیب تمام زونز میں کام کا آغازکیا جائے گا۔ ایم ڈی زبیر احمد چنہ نے کہا کہ ہماری ترجیح گھر گھر سے کچرا اٹھا نا اور مکینوں کو ریلیف فراہم کرناہے اورہمیں ضلع وسطی میں اس کام کاآغازجلد ازجلد کرنا ہے ہم مکینوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ جن اضلاع میں سالڈ ویسٹ کا انتظام ہے وہاں صفائی کے معیار میں بہت بہتری آئی ہے اور جلد ہی ضلع وسطی میں بھی مکینوں کو صفائی کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔