چیئرمین، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاون کا محرم الحرام کے حوالے سے مساجد و امام بارگاہ کا دورہ


کراچی (نمائندہ مقامی حکومت ) چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیوکراچی ٹاون میں موجود مساجدو امام بارگاہوں کا دورہ۔ اس موقع پرمیونسپل کمشنر صائم عمران، فوکل پرسن فیصل صغیر، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن اسلم بیگ، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف نے مسجدو امام بارگاہ جعفریہ، مسجدپنجتنی و امام بارگاہ حسینی، مسجد حیدری و عزا خانہ زہرا کے دورے کے موقع پرنیو کراچی ٹاون کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کا حتمی جائزہ لیا۔چیئرمین نیوکراچی محمد یوسف نے فائیوڈی نیو کراچی میں عامر شہید ڈسپینسری کا بھی دورہ کیا۔انہوں اس موقع پر جلوس کمیٹی کے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ فائیوڈی میں جلوس کی گزر گاہ پر رسنے والی سیوریج لائن کی درستگی کا کام محرم کے آغاز سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔ منتظمین امام بارگاہ نے کہا کہ چیئرمین نیوکراچی محمد یوسف اور ان کی پوری ٹیم نے محرم الحرام سے قبل صفائی ستھرائی کے انتظامات، لائٹوں کی درستگی اور نئی لائٹوں کی تنصیب اور دیگر بلدیاتی سہولتیں فراہم کرکے ایک اچھی روایت قائم کی ہے، چیئرمین محمد یوسف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عزادارانِ حسین کو ایام عزا میں ہر ممکنہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔ انہوں نے مساجدو امام بارگاہوں، مجالس اور دیگر دینی اجتماعات کے مقامات کے اطراف اور جلوس کی گزر گاہوں پر گڑھوں کی بھرائی، سڑکوں کی پیوند کاری اور روشنی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ خصوصی صفائی کی ہدایت کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی علاقے سے کوڑاکرکٹ جمع ہونے کی شکایت موصول نہ ہونے پائے وگرنہ کوتاہی برتنے والوں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے منتظمین جلوس کمیٹی کو بتایا کہ نیو کراچی ٹاون کی جانب سے جلوس کے راستوں کو نہ صرف صاف ستھرا رکھا جائے گا جبکہ جلوس کی گزر گاہوں پر امدادی کیمپ بھی لگائے جائیں گے جہاں پانی اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی جائیں گی تاکہ عزادارانِ حسین کو پیاس اور گرمی کی شدت سے بچایا جاسکے۔نیو کراچی ٹاون کی انتظامیہ محرم الحرام میں صفائی ستھرائی کے ا نتظامات کے ساتھ رات کے وقت روشنی کے انتظامات کو بھی بہترکرنے میں بھی مصروف ہے۔ تاکہ مجلس اور جلوس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

متعلقہ خبریں