چیئرمین نیو کراچی ٹاون کاوائس چیئرمین کے ہمراہ نیو کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ

دستیاب وسائل کے ساتھ عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ محمد یوسف


کراچی (نمائندہ مقامی حکومت )چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی ٹاون کے مختلف علاقوں کا دورہ۔ علاقہ مکینوں سے ملاقات میں ان کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف نے یونین کمیٹی نمبر 3 کے دورے کے موقع پر یوسی چیئرمین علی بھائی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علاقے اور ملازمین کے مسائل،سیوریج لائنوں کی ابتر حالت پینے کے پانی لائنوں کی لیکج،بجلی کی لوڈ شیڈنگ،پارکس اور پلے گراونڈ کی زبوں حالی و دیگر مسائل اوران کے حل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایکسی این عدنان راشد، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس آفتاب، ایم اینڈ ای کے عرفان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاون نے نیو کراچی ٹاون کے اجڑے ہوئے پارکوں کی بحالی کے حوالے سے مختلف پارکس جن میں راشد منہاس پارک فائیو سی ون،پرویز سعید پارک فائیو سی ٹو کا دورہ کیا۔بعد ازاں انہوں نے عوام کی جانب سے کی گئی شکایت پر باڑا مارکیٹ فائیو سی ٹو کی عقبی گلیوں کا بھی دورہ کیا۔ جہاں سیوریج کا نظام بری طرح متاثرہے اور گلیوں میں گندہ پانی جمع ہو گیا ہے جس کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔چیئرمین نے واٹر بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ اس مسئلے کو فوری حل کیا جائے تاکہ علاقہ مکین سکون کی سانس لے سکیں۔

متعلقہ خبریں