میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) میں 1 ارب روپے کی میگا کرپشن کا اسکینڈل
میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) میں 1 ارب روپے کی میگا کرپشن کا اسکینڈل سامنے آگیا۔
لاہور(نمائندہ مقامی حکومت) ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن نے ایم سی ایل کے افسران پر کرپشن کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مویشی منڈیوں کے کیس میں ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کے شواہد ملے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایم سی ایل افسران نے ٹھیکے داروں کے ساتھ مل کر 2021ء میں مویشی منڈیوں پر 52 کروڑ روپے خرچ کیے۔
اینٹی کرپشن ترجمان کے مطابق سال 2022ء میں مویشی منڈیاں لگانے کا خرچ ایک ارب 76 کروڑ روپے ظاہر کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مویشی منڈیاں لگانے کےلیے جعلی بل بنا کر کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی، جس کا مقدمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے میں انکوائری کے بعد درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں ایم سی ایل ملازمین ندیم طاہر، سدرہ ظفر، قیصر حنیف، کلرکس فیصل، یوسف سندھو اور محمد زبیر کو نامزد کیا گیا ہے۔
ٹھیکے دار ملک راشد، ملک ارشد، زوہیب، ملک تنویر، ملک شہباز اور ذیشان کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اعلان کیا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔