پنجاب بھر کی 2468 یونین کونسلز میں ”اب گاؤں چمکیں گے ” پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے:ڈاکٹر ارشاد احمد

لاہور(انمائندہ مقامی حکومت):سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کی 2468 یونین کونسلز میں ”اب گاؤں چمکیں گے ” پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے اس پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں وائٹل ایونٹس کی رجسٹریشن کی سہولت بھی مہیا کی جائیں گی۔ سیکرٹری بلدیات نے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹس کو اس سلسلہ میں اہم ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔ پروگرام کے تحت دیہاتوں میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے اور مہم کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی ذمہ داری ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ کی ہو گی۔سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں بے ہنگم تعمیرات کو کنٹرول کیا جائے گا اور ہر یونین کونسل میں چوکیدار، سینیٹری ورکرز تعینات کیے جائیں گے جبکہ دیہاتوں میں سینیٹیشن، بیماریوں کے کنٹرول،چوکیداری نظام اور دیگر سہولیات کے لیے سالانہ 8ارب مختص کیے گئے ہیں۔مانیٹرنگ کو آسان اور شفاف بنانے کے کیے دیہی یونین کونسل میں صفائی ستھرائی کے بعد رئیل ٹائم تصاویر لوکل گورنمنٹ کے ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کروانا بھی اسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹس کی ذمہ داری ہو گی۔ مقامی افراد کی نمائندگی سے مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں جو اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں فرائض سر انجام دیں گے اور یہ مینجمنٹ کمیٹیاں نمبردار کے ذریعے سینی ٹیشن فیس اکٹھی کریں گی۔سپیشل سیکرٹری پرویز اقبال اور ڈی جی بلدیات شفاعت علی نے تمام ڈائریکٹرز کو پروگرام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔اس موقع پر پی آئی ٹی بی کی ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ایپلی کیشن کے استعمال سے متعلق تربیت بھی دی۔

متعلقہ خبریں