پشاور ہائیکورٹ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو10روز میں اختیارات کی منتقلی کا حکم

پشاور(نمائندہ مقامی حکومت)پشاور ہائیکورٹ کی جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عتیق شاہ پرمشتمل بنچ نے خیبرپختونخوامیں پہلے مرحلے میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کی منتقلی کامرحلہ 10روزمیں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ، دوران سما عت ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل رب نواز خان اور درخواست گزار وکیل بابرخان یوسفزئی عدالت میں پیش ہوئے۔ رٹ میں موقف اختیار کیاگیا کہ خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو الیکشن کا انعقاد کیا گیا،کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے با جو د ان کو اختیارات منتقل نہیں کئے گئے ،کے پی لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ 2019 کی شق 79(1) کے مطابق نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد 15 دن میں اختیارات منتقل کرکے اجلاس بلایاجاتاہے۔متعلقہ ایکٹ کے سیکشن 78(1) اور 80(1) کے مطابق منتخب چیئرمین اور ممبران آفس جوائن کرنے سے پہلے حلف اٹھائیں گے جبکہ پہلے مرحلے میں کامیاب ہونے والے چیئرمین اور ممبران سے اب تک حلف نہیں لیا گیا، بلدیاتی نمائندوں کواختیارات منتقل نہ ہونے سے 17 اضلاع کے عوام متاثر ہورہے ہیں۔درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اختیارات منتقلی کے احکامات جاری کئے جائیں ، اس موقع پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حلف برداری کے بعد مرحلہ وار اختیارات کوبھی منتقل کردیا جائے گا، دورکنی بنچ نے دلائل مکمل ہونے پر 10روز میں منتخب نمائندوں کو مختلف معاملات کی منتقلی کامرحلہ مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رٹ نمٹا دی۔

متعلقہ خبریں