بہاولنگر(ملک صفدر ضیاء).17 ویں انٹر نیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے. ریلی کے مڈ پوائنٹ قلعہ جام گڑھ کے مقام پرچم کشائی ہوئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، ڈی پی او محمد ظفر بزدار، ایڈشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار گجر، اعجاز الحق ضلعی انتظامیہ و پولیس افسران اور شائقین بڑی تعداد میں موجود تھے. افتتاحی تقریب میں غبارے اور کبوتر چھوڑے گئے. ریسکیو 1122 کے جوان اور دانش سکول کے طلباء اور سکاؤٹس نے مارچ پاسٹ پیش کیا. قلعہ جام گڑھ کے مقام پر ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر پپٹ شو، میجک شو،جھومر، لڈی اور بھنگڑا پیش کیاگیا. . بعد ازاں مختلف سکولوں کے طلباء، دانش سکول کے طلباء اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولنگر کیمپس کے طلباء کی پر فارمنس پیش کی گئی. اسی طرح چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر قلعہ جام گڑھ کے مقام پر والی بال، کبڈی، رگبی، رسہ کشی کے مقابلے منعقد کئے گئے. اسی روز چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر ہارس اینڈ کیمل شو منعقد ہوا اور علاقائی رقص پیش کیا گیا. ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے شاندار تقریبات کے انعقاد پر منتظمین کی خدمات کو سراہا۔