کورنگی انڈسٹریل ایریا سے کچرااور صنعتی فضلہ اٹھانے کی حکمت عملی کے لئے ایم او یو سائن کیا جائے گا،صنعتی فضلہ اور میونسپل کچرا الگ الگ اٹھایا جائے گا: زبیر احمد چنہ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ
ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکی کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز (کاٹی)اور پاکستان ٹنرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے)کے عہدیداران سے ملاقات،
کراچی(نمائندہ خصوصی) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈزبیر احمدچنہ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز(کاٹی) اورپاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) کے عہدیداران کے ہمراہ کاٹی کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹرطارق نظامانی، سیکریٹری بورڈ شہباز طاہر، چائنیز کمپنی گینزو کے عہدیداران،کاٹی کے صدر محمد سلمان اسلم،چیئرمین محمد زبیر چھایا،سلیم الزمان،سینئر وائس پریزیڈنٹ مس ماہین سلمان و دیگر عہدیداران موجود تھے۔اجلاس میں ایم ڈی زبیر چنہ نے کراچی میں کچرا اٹھانے کے آپریشن کی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایس ایس ڈبلیو ایم بی پانچ اضلاع میں خدمات انجام دے رہا ہے اور ضلع کورنگی اور ضلع وسطی میں جلد کام کا شروع ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ کورنگی میں اس ماہ کے آخر میں ایک ذون سے آپریشن کا آغاز ہونے جا رہا ہے اور بالترتیب تمام زونز اور یوسیز سے گھر گھر سے کچرا اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صنعت سے نکلنے والا صنعتی کچرا شہریوں کے لئے مضر صحت ہے جس سے متعدد بیماریا ں جنم لے رہی ہیں علاوہ ازیں یہ کچرا علاقوں میں پھیلنے کے ساتھ ساتھ نالوں میں جمع ہورہا ہے جو کہ ماحول کی آلودگی اور جراثیم کی افزائش کا سبب بنتے ہیں لہذاصنعتی علاقوں سے میونسپل کچرا اور صنعتی فضلہ اٹھانے کے لئے لائحہ عمل مرتب دیناضروری ہے انہوں نے اجلاس میں کاٹی کے عہدیداران کو ڈرافٹ ایم او یو پیش کیا جسے مکمل جائزہ لینے کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔اس سلسلے میں کمیٹی تشکیل دی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹریز ویب پورٹل پر تمام کاروباری حضرات اپنے کاروبار سے متعلق تفصیلات اور رجسٹریشن جلد از جلد مکمل کریں تاکہ انڈسٹریل ایریا سے کچرا اٹھانے کے کام کاآ ّغاز جلد از جلد کیا جا سکے۔ ڈیٹا بیس کی تیاری کے بعد صنعتی فضلہ اور میونسپل کچرا اٹھانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گیا۔اس موقع پرکاٹی کے عہدیداران نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اقدامات قابل تحسین ہیں انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف رکھنے اور آلودگی سے پاک ماحول کے لئے اقدامات میں مکمل تعاون فراہم کرینگے۔ اور اس سلسلے میں ہر سطح پر جا کربات چیت کے ذریعے معاملات سہل بنا نے میں بھی تعاون کریں گے۔