وائس چیئرمین لیاقت آباد ٹاون اسحاق تیموری کا سپر مارکیٹ، حسرت موہانی لائبریری کا دورہ

عوام میں مطالعے کا شوق اُجاگر کرنے کے لئے لائبریری کلچر کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے :اسحاق تیموری

وائس چیئرمین لیاقت آباد ٹاون اسحاق تیموری کا سپر مارکیٹ لائبریری اور حسرت موہانی لائبریری کا دورہ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائبریری لیاقت آباد محمد طاہر،چیئرمین یونین کمیٹی نمبر 6 ، لیڈی کونسلر، اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ وائس چیئرمین لیاقت آباد ٹاون اسحاق تیموری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لائبریریاں، علوم و فنون اور معلومات کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔ علم کے متوالوں کو یہاں ہر قسم کا علم بغیر کسی پابندی اور رکاوٹ کے مل جاتا ہے اور ہر شخص آسانی سے بقدر ظرف استفادہ کر سکتا ہے۔ دنیا کی کوئی بھی ترقی یافتہ قوم لائبریری سے بے نیاز نہیں رہ سکتی۔ لائبریری کی اہمیت و افادیت سے کسی کو انکار نہیں ہوسکتا۔ خاص طور سے تعلیمی و تدریسی زندگی میں تو لائبریری کی اہمیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ اس کے بغیر تعلیمی سفر کو منزل سے ہم کنار نہیں کیا جاسکتا عوام میں مطالعے کا شوق اُجاگر کرنے کے لئے لائبریری کلچر کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ اس دور میں کتابوں سے مطالعے کا شوق کم ہوتا جا رہا ہے اور انٹر نیٹ کے زریعے موبائل سے پڑھنے کا شوق بڑھتا جا رہا ہے ایسے میں ضرورت تھی کہ طلباء و طالبات کو مطالعے کی جانب راغب کرنے کے لئے لائبریری کلچر کو زندہ کیا جائے۔اس موقع پر اسحاق تیموری نے کہا کہ وہ طلباء و طالبات اور مطالعہ کے شوقین حضرات کے لئے لائبریری سہولت کو ایک مرتبہ پھر زندہ کررہے ہیں جس میں کتابوں کو علاوہ کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کی سہولت بھی موجود ہوگی تاکہ بین الاقوامی تعلیمی،معاشرتی اور سیاسی میدان میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے لائبریری میں آنے والے طلباء و طالبات آگاہ ہوتے رہیں،انہوں لا ئبریری کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر لائبریرین نے لائبریری میں موجود کتابوں اور الیکٹرانک سہولیات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا

متعلقہ خبریں