بہاولنگر پولیس کا انوکھا کارنامہ، کھلی کچہری اور1787پہ پولیس کی شکایت کر نے والے شہری کے خلاف ہی جھوٹی ایف آئی آر کاٹ دی۔

بہاولنگر ( نمائندہ مقامی حکومت) بہاولنگر پولیس نے کھلی کچہری میں شکایت کرنے والے شہری کے خلاف ہی جھوٹی ایف آئی آر درج کردی۔ تفصیلات کے مطابق شہری جاوید کا مقامی کار ڈیلر سے لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا ۔ کار ڈیلر نے شہری سے پیسے لے کر اسکو کار فروخت کی تھی لیکن جب شہری نے پورے پیسوں کی ادائیگی کے بعد کار ڈیلرسےگاڑی کے کاغذات کا مطالبہ کیا تو اس نے لیت ولعل سے کام لینا شروع کر دیا اور الٹا مقامی پولیس تھانہ بخشن خان کی طرف سے شہری پہ دباؤ دلوانا شروع کردیاکہ اگر اس نے کاغذات کی بات کی تواس کے خلاف کار کی ڈکیٹی کی ایف آئی درج کردی جائے گی ۔ شہری جاوید نے پولیس کے اس رویے کی شکایت پولیس سروس 1787 پہ بھی کی اور اپنی شکایت لے کر متعلقہ ڈی ایس پی چشتیاں ارشد لطیف کے دفتر میں بھی پیش ھوا لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی۔ تھانہ بخشن خان کے ایس ایچ اور عملہ کی مسلسل دھمکیاں کے بعد شہری جاوید نے ضلع بہاولنگر کے ڈی پی او ظفر بزدار کی کھلی کچہری میں بھی اپنے مسئلہ اور پولیس کے ناروا رویہ کی شکایت کی تو انہوں نے اسکو تھانہ بی ڈویژن چشتیاں بھجوادیا جہاں پولیس نے ابتدائی تفتیش کی تو کار ڈیلر نے پیسے واپس دینے یا کار کے کاغذات دینے کا تحریری طور پہ لکھ کر دیا اور چیک بھی لکھ کر دیا ۔ لیکن کار ڈیلر نے نہ تو گاڑی کے کاغذات دیے اور نہ ہی پیسے واپس کیے اور شہری مسلسل تھانوں کے چکر لگاتا رہا بلکہ پولیس نے وہ چیک اور تحریر بھی نہ دی۔ اس دوران با اثر کار ڈیلر تھانہ بخشن خان کی پولیس سے مسلسل دھمکیاں دلواتا رہا کہ اگر تم نے میرے خلاف درخواست واپس نہ لی تو میں تم پہ جھوٹاپرچہ کروا دوں گا اور بالآخر تھانہ بخشن خان پولیس نے تقریباً ایک ماہ بعد پولیس کے خلاف کی جا نے والی شکایت کا بدلہ لیتے ھوئے کار ڈیلر کی ایما پر شہری کے خلاف ہی جھوٹی ایف آئی آر کاٹ دی۔عوامی حلقوں کا پولیس کے ایسے ناروا سلوک اور جرائم پیشہ لوگوں کی پشت پناہی سے پولیس کی کھلی کچہریوں اور پولیس کے آن لائن شکایت سیل 1787 جیسے عوامی خدمت کے اقدامات سے اعتماد ختم ھوتا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں